ایٹہ نگر، 14؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)اروناچل پردیش میں بی جے پی آج سرکاری طور پر پیپلز پارٹی آف اروناچل(پی پی اے)حکومت کا حصہ بن گئی اور سینئر بی جے پی ممبر اسمبلی تامیو تاگا کو کابینہ میں شامل کیا گیا ہے۔اروناچل پردیش اب مخلوط حکومت والی 14ویں ریاست ہے ،پی پی اے حکومت نارتھ ایسٹ ڈیموکریٹک الائنس(نیڈا:)کی اتحادی ہے۔گورنر وی شن مگناتھن نے وزیر اعلی پیما کھانڈو اور ان کی کابینہ کے ساتھیوں کی موجودگی میں تاگا کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا،راج بھون کے دربار ہال میں منعقدہ تقریب میں انتظامیہ اور پولیس کے افسران بھی موجود تھے۔کھانڈو نے تاگا کو کابینہ میں شامل کرنے کے لئے صنعت، ٹیکسٹائل اور دستکاری اور کوآپریٹوز وزیر تاپاگ تالو کو ہٹایا ہے۔بعد میں نامہ نگاروں سے بات چیت میں کھانڈو نے کہا کہ یہ نظام کا حصہ ہے،کسی کو جگہ دینے کے لئے دوسرے کو ہٹانا ہوتا ہے۔کھانڈو نے کچھ ماہ کی سیاسی اتھل پتھل کے بعد نبام تکی کی جگہ لی ہے جنہیں عدالت عظمی نے بحال کیا تھا۔کھانڈو نے 16ستمبر کو ڈرامائی انداز میں کانگریس ممبران پارلیمنٹ کے ساتھ پی پی اے کا دامن تھام لیا جو بی جے پی کی اتحادی ہے،اس سے تقریبا دو ماہ پہلے 13جولائی کو سپریم کورٹ نے ریاست میں کانگریس حکومت کو بحال کیا تھا۔60 رکنی اسمبلی میں اب پی پی اے کے 44، بی جے پی کے 11، کانگریس کے تین ارکان اسمبلی ہیں اور دو رکن اسمبلی آزاد ہیں۔